ٹیوٹا 2012 میں ریکارڈ پیداوار کی منصوبہ بندی کر رہا ہے: رپورٹ

ٹوکیو: رپورٹس کے مطابق، جاپان کا سب سے بڑا کار ساز ادارہ ٹیوٹا موٹرز 2012 میں اپنی عالمی پیداوار کو 8.65 ملین گاڑیوں تک لے جانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے؛ جس میں اضافہ نئی ابھرنے والی مارکیٹوں میں بڑھتی طلب کی وجہ سے ہوا ہے۔

نیکےئی بزنس ڈیلی کے مطابق، ٹیوٹا ایشیا اور جنوبی امریکہ کی ابھرتی مارکیٹوں میں مسلسل بڑھوتری کی توقع کر رہا ہے اگرچہ ترقی یافتہ ممالک میں کاروں کی فروخت یورپی قرضوں کے بحران کی وجہ سے دھندلاہٹ کا شکار نظر آتی ہے۔

اخبار نے ذرائع کا نام ظاہر کیے بغیر کہا کہ پارٹس کے بڑے فراہم کنندگان کو مطلع کرنے کے بعد ٹیوٹا شاید اپنی پیداوار میں اضافے کا فیصلہ اگلے ہفتے تک کر لے۔

کیودو نیوز ایجنسی نے کمپنی کے نامعلوم عہدیداروں کے حوالے سے بھی رپورٹ دی ہے کہ ٹیوٹا اپنے ٹیوٹا اور لیکسس برانڈ کی گاڑیوں کے لیے 2012 کی پیداوار کا ہدف 8.65 ملین رکھنے کی تیاریوں میں ہے۔

یہ تعداد ٹیوٹا کی اس سال کی تخمینہ شدہ پیداوار میں 20 فیصد اضافے کو ظاہر کرے گی اور موجودہ عالمی مالیاتی بحران سے پہلے 2007 میں مقرر کی گئی 8.53 ملین گاڑیوں کی پیداوار کی موجودہ حد سے تجاوز کر جائے گی۔

ٹیوٹا کی 2011 کی پیداوار مارچ میں جاپان کے زلزلے و سونامی، جس کی وجہ سے سپلائی چین درہم برہم ہوئیں، کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوئی جبکہ تھائی لینڈ کے بڑے پیمانے پر سیلاب نے بھی اسے متاثر کیا۔

کمپنی کی طرف سے ان رپورٹوں کی کوئی فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.