ٹوکیو: ٹوکیو اسکائی ٹری کے بلڈرز نے اس سال جنوری سے مارچ کے دوران عمارت کی اوپری منزلوں سے جمی ہوئی برف اور قدرتی برف کے ٹکڑے نیچے گلیوں میں گرنے کی تصدیق ہونے کے بعد اعلان کیا ہے کہ عمارت میں سرد موسم کا مقابلہ کرنے کے لیے کچھ نئی ٹیکنالوجیاں نصب کی گئی ہیں۔
فوجی ٹی وی کی اتوار کی رپورٹ کے مطابق مقامی رہائشی برف کے ٹکڑے گرنے کے بارے میں خدشات کا شکار ہیں، جن میں سے کچھ ٹوکیو اسکائی ٹری کے اردگرد 400 میٹر کے حلقے میں گر چکے ہیں۔
ٹوکوی اسکائی ٹری کو چلانے والی توبو ریلوے کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا کہ آبزرویشن ڈیک اور بیرونی کھڑکیوں کو خاص قسم کے شیشے سے ڈھانپ دیا گیا ہے جو برف کو زمین پر گرنے سے روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ڈیلویلپروں کے مطابق شیشے کے اندر تین ہزار ننھے ننھے برقی ہیٹر جَڑے ہوئے ہیں جو برف کو پگھلانے اور جمع ہونے سے روکنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ موسمی حالات پر نظر رکھنے اور آپریٹروں کو برف کے جمع ہونے سے آگاہ رکھنے کے لیے 20 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔