شنگھائی: ایپل انکارپ کو چین میں آئی پیڈ کے ٹریڈ مارک کے سلسلے میں ایک اور چیلنج کا سامنا ہے تاہم اب کی بار یہ کیلیفورنیا کی عدالت میں درپیش ہے۔
پروویو الیکٹرونکس کے ایک ترجمان نے جمعے کو کہا کہ کمپنی نے مین لینڈ چائنہ میں ایپل کی طرف سے ٹریڈ مارک استعمال کرنے کے خلاف 17 جولائی کو سانتا کلارا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔
ایپل کو آئی پیڈ کی فروخت سے روکنے کے لیے پروویو کی شنگھائی کی عدالت میں پابندی لگوانے کی درخواست اس ہفتے ناکامی کا شکار ہوئی چونکہ عدالت نے چین کی ایک اعلی عدالت میں اسی طرح کا ایک اور مقدمہ زیرسماعت ہونے کی وجہ سے درخواست مسترد کر دی۔
کیلیفورنیا کے مقدمے کے بارے میں ایپل کی طرف سے کوئی فوری تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
کمپنیاں اس معاملے پر تنازع کا شکار ہیں کہ آیا پروویو نے 2009 کے ایک معاہدے کے تحت ایپل کو آئی پیڈ کے چین میں ٹریڈ مارک حقوق فروخت کر دئیے تھے یا نہیں۔