ٹوکیو: وزیر اعظم یوشیکو نودا اتوار کو دو روزہ دورے پر اوکی ناوا پہنچے جس میں وہ جاپان میں امریکی فوجیوں کی منتقلی کے نظرثانی شدہ منصوبے پر وضاحت پیش کریں گے۔
پچھلے ستمبر سے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نودا کی طرف سے صوبے کا یہ پہلا دورہ ہے۔
نودا پیر کو اوکی ناوا کے گورنر ہیروکازو ناکائیما سے ملیں گے اور اس کے علاوہ گینوان میں واقع امریکی میرین کارپس فوتینما اسٹیشن کا دورہ کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
مرکزی حکومت اور اوکی ناوا فوتینما اڈے کو کم آباد علاقے ناگو میں منتقل کرنے کے معاملے پر نزاع کا شکار رہے ہیں۔
خبر آئی تھی ٹوکیو اور واشنگٹن نے اوکی ناوا سے 4700 امریکی میرینز کو گوام منتقل کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ امریکی فوجیوں کی جاپان میں تنظیم نو کے رکے ہوئے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔ تاہم اس خبر نے اوکی ناوا کے لوگوں کو پھر حیران پریشان کر دیا ہے کہ امریکہ کے فوتینما ائیربیس کا کیا بنے گا۔
نودا نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ وہ اوکی ناوا کی بڑھتی ہوئی بے چینی سے واقف ہیں کہ شاید فوتینما بیس کو پھر ایسے ہی چھوڑ دیا جائے، تاہم انہوں نے کہا تھا کہ حکومت اپنی پوری کوشش کرے گی کہ اڈے کو منتقل کر دیا جائے۔
نودا نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ مناسب رابطے کی کمی اور وزرا و حکومتی اہلکاروں کی جانب سے کیے جانے والے نامناسب تبصروں پر معذرت بھی کریں گے۔