ٹوکیو: وزیر معیشت، تجارت اور صنعت یوکیو ایدانو نے جمعے کو کہا کہ جاپان کو اس بار شاید پچھلے سال سے بھی زیادہ بجلی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے۔
جاپان کے آخری دو چلنے والے ری ایکٹروں کو شیڈیول کے مطابق اپریل کے آخر میں بند کر دینے کے بعد، ایدانو نے کہا کہ صنعتوں اور گھریلو صارفین، دونوں کو بجلی بچانے کی پابندیاں برداشت کرنا ہوں گی۔
اگرچہ وزیر اعظم یوشیکو نودا اور کچھ دوسرے وزرا نے کچھ ری ایکٹر دوبارہ چلانے کے لیے اپنی تیاری کا اظہار کیا ہے، تاہم ایدانو نے کہا کہ ایسا فیصلہ اس وقت تک نہیں کیا جائے گا جب تک ملک کے تمام ری ایکٹروں پر اسٹریس ٹیسٹ اچھی طرح آزما نہیں لیے جاتے۔
یدانوں نے کہا کہ مجوزہ قلت 9.3 فیصد تک ہو گی۔ سب سے زیادہ قلت کانسائی کے علاقے میں ہو گی جو پچھلے سال کے فوکوشیما ایٹمی بحران سے زیادہ تر محفوظ رہا تھا۔ کانسائی الیکٹرک کو سخت گرمی کے دنوں میں 20 فیصد تک قلت کی توقع کر رہی ہے۔
کانسائی اکنامک فیڈریشن کے صدر اور کانسائی الیکٹرک پاور کو کے چئیرمین شوسوکی موری نے کہا کہ اگر ایٹمی ری ایکٹر نہ چلائے گئے تو صنعتی پیداوار کے عمل میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔