برلن: انڈسٹری کے عالمی اہلکاروں نے کہا کہ جاپان کی سیاحتی صنعت سونامی اور ایٹمی آفات کے ایک سال بعد بھی مشکلات کا شکار ہے، انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اسے ٹریک پر واپس آنے میں ایک سال مزید لگ سکتا ہے۔
ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورزم کونسل (ڈبلیو ٹی سی سی) نے کہا کہ جاپان نے 2011 میں ایک برس قبل کے مقابلے میں سیاحوں کی آمد میں 28 فیصد کمی کا سامنا کیا، جبکہ کونسل نے 2012 کے وسط تک مکمل بحالی کی پیشن گوئی کی۔ آئی ٹی بی برلن کے میلے میں موجود جاپانی سیاحتی صنعت کے اعلی اہلکاروں نے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
ہیرومی والڈین برجر، جو ٹوکیو شہر میں جرمن مارکیٹ کے سیاحتی نمائندے ہیں، نے کہا کہ شہر میں سیاحوں کی تعداد مارچ 2011 سے قبل کے درجے پر واپس آنے کے لیے اب امیدیں اگلے موسم بہار سے منسوب ہیں۔
“اپریل سے اگلے سال مارچ تک، جاپان کی سیاحتی ایجنسی قریباً پانچ ارب ین (46 ملین یورو، 60 ملین ڈالر) ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے خرچ کرے گی”، جاپان نیشنل ٹورزم آرگنائزیشن کے یورپ، امریکہ اور اوشیانا کے لیے مارکیٹنگ نمائندے تاکیو ناگانو نے کہا۔
اے ایف پی سے بات چیت کرنے والے سیاحتی نمائندوں بتایا کہ زیادہ تر سیاحوں نے پچھلے سال کے زلزلے و سونامی کے بعد جاپان سے احتراز ہی کیا ہے۔ اس دوہری آفت میں 19,000 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے تھے جو دوسری جنگ عظیم کے ملک میں بدترین تباہی ہے۔