ٹوکیو: ٹوکیو کے متنازع گورنر شینتارو اشی ہارا نے کہا ہے کہ ٹوکیو چین کے ساتھ ضرر رساں علاقائی تنازع کے قلب میں واقع ننھے غیر آباد جزائر کی ایک زنجیر خریدے گا۔
اشی ہارا جو بیجنگ کے منہ پھٹ ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں، نے اشتعال انگیز قوم پرست خیالات کا پرچار کر کے اپنا کیرئیر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مشرقی بحرچین میں واقع ان جزائر کے مالک سے رابطہ کیا ہے، جنہیں جاپان میں سینکاکو اور چین میں دیاؤ یو کہا جاتا ہے۔ “ٹوکیو سینکاکو جزائر کا دفاع کرے گا،” انہوں نے پیر کو واشنگٹن میں قدامت پرست ورثہ فاؤنڈیشن کو بتایا۔
اگر مکمل ہو گیا تو یہ اقدام عرصہ دراز سے چلنے والے جزائر کے تنازع میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ہو گا، جو ٹوکیو سے قریباً 2000 کلومیٹر دور مچھلیوں سے بھرے سمندر میں واقع ہیں جہاں پر توانائی کے بیش قیمت ذرائع بھی ہو سکتے ہیں۔
اشی ہارا نے کہا کہ انہوں نے غیر آباد جزائر کی زنجیر میں سے اُتسوری جیما، کیتاکوجیما اور میناموکوجیما جزائر کی خریداری کے لیے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے، جو ایک جاپانی خاندان کی ملکیت ہیں اور جاپانی حکومت کو لیز پر دئیے گئے ہیں۔