ٹوکیو: پرستار پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا کا ایک دفعہ استعمال شدہ چائے کا کپ خریدنے کے لیے آنلائن بولی میں حصہ لے رہے ہیں جہاں منگل تک چالیس لاکھ ین (پچاس ہزار ڈالر) کی بولی لگ چکی ہے، جبکہ اس کے اختتام میں ابھی پانچ دن باقی ہیں۔
چائنہ کپ اور پرچ کا یہ سیٹ لیڈی گاگا نے پچھلے مارچ میں بڑے پیمانے کے سونامی کے ہاتھوں ساحلی علاقے کا بڑا حصہ غرقاب ہونے کے تین ماہ بعد ٹوکیو میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے استعمال کیا تھا۔
لیڈی گاگا نے اس وقت رپورٹروں کو بتایا تھا کہ وہ اس کپ کی نیلامی کرے گی، جس پر اس کی سرخی کا نشان اور جاپانی میں پیغام “ہم جاپان کے لیے دعا کرتے ہیں” کے ساتھ پاپ اسٹار کا آٹو گراف بھی موجود ہے۔
اس نیلامی سے اکٹھی کی جانے والی تمام رقم نوجوان جاپانی فنکاروں کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی جو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
کپ کو یاہو! جاپان کی نیلامی والی سائٹ پر پیر کی دوپہر کو رکھا گیا تھا اور بولی ایک ین سے شروع کی گئی۔ بولی اتوار کو آدھی رات کے وقت ختم ہو جائے گی۔