ٹوکیو: حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے ایگزیکٹو بورڈ کے سینئر اراکین نے ہفتے کو پارٹی کےسابقہ سیکرٹری جنرل اچیرو اوزاوا کی رکنیت کی بحالی کا فیصلہ ڈی پی جے کے سیکرٹری جنرل ازوما کوشیشی پر چھوڑ دیا۔
69 سالہ اوزاوا کو 26 اپریل کو سیاسی چندے کے اسکینڈل میں کسی قسم کا غلط کام کرنے سے بری قرار دیا گیا تھا۔ ان کی رکنیت فروری 2011 میں اس معطل کر دی گئی جب ان پر مبینہ طور پر 2004 میں اپنے معاونین کے ساتھ مل کر زمین کے ایک سودے میں 400 ملین ین کی رقم اپنی سیاسی چندے کی تنظیم کو دینے کی فرد جرم عائد کی گئی۔
کوشیشی نے نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ایگزیکٹو بورڈ میں مختلف آراء تھیں کہ آیا انضباطی پابندیاں اٹھا لی جائیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اراکین کے خیال میں کسی قسم کے فیصلے کے لیے 10 مئی تک انتظار کیا جانا چاہیے، جو پراسیکیوٹرز کی طرف سے برأت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی ڈیڈ لائن ہے۔ دائت کے پالیسی معاملات کے چیف سیجی مائیہارا نے کہا کہ اگر اپیل دائر کر دی جاتی ہے تو اوزاوا کی رکنیت کی بحالی قبل از وقت ہو گی۔
تاہم کوشیشی نے کہا کہ وہ اوزاوا کی رکنیت کی بحالی کے حق میں ہیں چونکہ انہیں بری کر دیا گیا ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ وہ منگل کی شام سے اس سلسلے میں کاروائی کا آغاز کر دیں گے۔
اوزاوا کے زیر کنٹرول ڈی پی جے کا سب سے بڑا دھڑا ہے جو قریباً 120 اراکین پر مشتمل ہے۔