ٹوکیو: پیر کو بہت سوں کے لیے باعث دلچسپی بننے والے حلقہ نما سورج گرہن نے جاپانی چڑیا گھر کے گول دم والے لیموروں میں بھی افراتفری پھیلا دی، جب انہوں نے یہ سمجھ لیا کہ یہ رات کا وقت ہے۔
ایشیا اور امریکہ میں ملینوں لوگوں کے زیر مشاہدہ آنے والے سورج گرہن کے دوران صوبہ آئچی میں واقع جاپان منکی سنٹر میں 20 کے قریب لیموروں کا ایک گروہ بری طرح اوپر نیچے اچھل کود کرتا رہا۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر اکیرا کاتو نے کہا کہ زندگی میں ایک ہی بار حاصل ہونے والے مواقع میں سے ایک اس سورج گرہن نے ان جانوروں کو رات کے وقت والا برتاؤ کرنے پر مجبور کر دیا، جب وہ اپنے جسم کا درجہ حرارت زیادہ رکھنے کے لیے پھرتیلی ورزش کے ایک راؤنڈ کا اہتمام کرتے ہیں۔
اور گرہن سے ذرا سا قبل، جس سے “آگ کے حلقے” کا تاثر بنا تھا، لیموروں نے درختوں اور کھبموں پر چڑھنا شروع کر دیا، جو کاتو کے مطابق دن کے اس وقت “انتہائی غیر معمولی” برتاؤ تھا۔
“یہ ایسا برتاؤ ہے جو وہ شام کے وقت اختیار کرتے ہیں، جب انہیں اپنے جسم کا درجہ حرارت بڑھانا ہوتا ہے،” انہوں نے کہا۔
گرہن کا عمل ختم ہو جانے کے بعد برانگیختہ لیمور پرسکون ہو گئے اور اپنی روز مرہ کی معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئے جن میں گھاس کھانا اور ادھر اُدھر لیٹنا شامل ہے۔
حلقہ نما سورج گرہن اس وقت واقع ہوتا ہے جب چاند سورج کے سامنے سے گزرتا ہے تاہم یہ زمین سے بہت دور ہونے کی وجہ سے سورج کو مکمل طور پر ڈھک نہیں سکتا، جس سے “آگ کا حلقہ” سا دکھائی دیتا رہتا ہے۔