ٹوکیو: کابینہ نے ایک خصوصی بل کی منظوری دے کر اسے دائت میں جمع کروایا ہے جس کا مقصد یکم جولائی سے ایرانی خام تیل کی درآمدات کی انشورنس اور ری انشورنس پر یورپی یونین کی پابندیاں فعال ہونے کے بعد حکومت کو انشورنس کور فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اس انشورنس اسکیم سے جاپانی حکومت کو یہ صلاحیت حاصل ہو گی کہ وہ جاپان آنے والے ایرانی خام تیل بردار ٹینکر جہازوں پر تشویشناک واقعہ ہونے کی صورت میں 7.6 ارب ڈالر تک کی براہ راست ادائیگیاں کر سکے۔
مارچ میں جاپان نے امریکہ کی جانب سے ایرانی کھیپوں پر مالیاتی پابندیوں سے استثنی حاصل کر لیا تھا۔
یورپی یونین، جو ری انشورنس کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، کے انشورنس کرنے والوں پر ایران سے خام تیل لانے والے ٹینکروں کی ذمہ داری لینے پر پابندی ہو گی۔
یورپی یونین کی ری انشورنس کے بغیر جاپانی انشورنس کرنے والوں کی جانب سے مہیا کردہ ذمہ داری صرف 8 ملین ڈالر تک کے نقصانات کو کور کرے گی۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک اہلکار نے کہا کہ وزارت یکم جولائی تک جاپان کو ٹینکر لانے والی قریباً 10 کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کا عمل مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ یورپی یونین کی پابندیوں کے بڑے اثر سے بچا جا سکے۔