واشنگٹن: امریکی فوج کے تازہ ترین مال بردار طیارے کے حالیہ حادثات جاپان میں ہنگاموں کو ہوا دے رہے ہیں، جس سے انہیں سال کے آخر تک جنوبی جزیرے اوکی ناوا میں تعینات کرنے کے منصوبوں کو دھچکا لگ سکتا ہے۔
اوکی ناوا اور ایک دوسرے شہر میں ہونے والے ہنگامے کے بعد امریکی اہلکاروں نے جمعہ کو واشنگٹن میں جاپانی حکومت کے نمائندوں کو بریفنگ دینا تھی۔
“اگر دونوں حکومتوں نے طےشدہ منصوبے کے مطابق ان طیاروں کو اوکی ناوا میں بالجبر تعینات کیا، تو غصے کا طوفان اٹھ کھڑا ہو گا،” اوکی ناوا سے تعلق رکھنے والے قومی قانون ساز کانتوکو تیرایا نے بدھ کو وزیر اعظم یوشیکو نودا کو ایک پٹیشن جمع کروانے کے بعد کہا، جس میں اس تعیناتی کو منسوخ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
پچھلے ہفتے ائیر فورس سی وی 22 اوسپرے پر سوار پانچ کے پانچ ائیر مینوں کو ہسپتال میں داخل کروانا پڑا تھا، جب یہ طیارہ فلوریڈا میں ایگلین ائیر فورس بیس کے ایک تربیتی مشن کے دوران کریش ہو گیا۔