ٹوکیو: حکومت نے جمعے کو چار بجلی ساز کمپنیوں سے کہا کہ وہ جولائی میں طلب 99 فیصد کی حد تک پہنچنے کی صورت میں بجلی کی ممکنہ کمی اور لوڈ شیڈنگ کے لیے منصوبہ بندی کریں۔
وزارت معیشت، تجارت و صنعت نے چار کمپنیوں چوبو الیکٹرک، کانسائی الیکٹرک پاور کو، شیکوکو الیکٹرک پاور کو اور ہوکائیدو الیکٹر پاور کو سے کہا کہ وہ روزانہ دو گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کے لیے تیاری کریں۔
وزارت کی ہدایات کے مطابق، اگر کسی دن ان چار کمپنیوں کے زیر خدمت علاقے میں طلب 99 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ دکھائی دیا تو حکومت اس صبح ایک الرٹ جاری کرے گی۔ اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے 3 یا 4 گھنٹے قبل ای میل کے ذریعے ایک الرٹ بھیجا جائے گاجس میں کاروباروں اور صارفین کو بجلی کے استعمال میں کمی کی ترغیب دی جائے گی۔ اگر بجلی کی طلب میں اضافہ ہوتا رہا تو بتیاں بند ہونے سے دو گھنٹے قبل ایک حتمی الرٹ بھیجا جائے گا۔
وزارت نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ قریباً دو گھنٹے جاری رہے گی اور ہر علاقے میں صرف دن میں ایک بار نافذ کی جائے گی۔
وزارت نے کہا کہ ہسپتال، صوبائی حکومتوں کی عمارات، پولیس اور فائر اسٹیشن کے ساتھ ساتھ ریلوے، ائیرپورٹ، بینکنگ نظاموں کو استثنی حاصل ہو گا۔