تہران: ایرانی پولیس کے انسداد منشیات یونٹ کے سربراہ نے اتوار کو کہا کہ پچھلے تین ماہ میں چار جاپانی شہریوں کو ایران سے منشیات اسمگل کرنے کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔
” جب انہیں حراست میں لیا گیا، یہ افراد ملک میں تیار کی گئی منشیات حاصل کر کے انہیں دوسرے ممالک کو اسمگل کرنے کا ارادہ کر رہے تھے۔ بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی گئیں،” ایرانی میڈیا نے جنرل علی مووائیدی کی نیوز کانفرنس کے حوالے سے بتایا۔
انہوں نے جاپانی ملزمان کے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، نہ ہی ان کی گرفتاری کی تواریخ اور نہ ہی یہ کہ وہ اکیلے سفر کر رہے تھے یا اکٹھے۔
تہران میں جاپانی سفارتخانے نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ ان معلومات کی تصدیق کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔
ایران قصور وار پائے جانے والے منشیات کے اسگلروں کو اکثر سزائے موت دے دیتا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران نے پچھلے سال کم از کم 360 لوگوں کو پھانسی دی، جن میں سے تین چوتھائی کا جرم منشیات سے متعلق تھا۔