ٹوکیو (اے ایف پی): آنلائن ریٹیلر راکوٹین نے پیر کو کہا کہ وہ 100 ڈالر قیمت والا ای ریڈر جاپانی مارکیٹ میں جاری کرے گا، جو اب تک برقی کتابوں کے حوالے سے ان چھوئی رہی ہے اور امریکی آنلائن دیو امیزون جیسے دوسرے حریف بھی مطالعے کے شوق میں پاگل پن کی حد تک مبتلا اس قوم پر آنکھ لگائے بیٹھے ہیں۔
جاپانی انٹرنیٹ دیو نے کینیڈین ای ریڈر فرم کوبو کی خریداری کے بعد کہا کہ وہ یہ آلہ 7980 ین (100 ڈالر) میں فروخت کرے گا، جبکہ اس پر ابتدائی طور پر 19 جولائی سے مختلف زبانوں میں 24 لاکھ کے قریب کتابیں دستیاب ہوں گی۔
صارفین آنلائن اسٹور سے کتابیں خرید سکتے ہیں اور اپنے کوبو آلے یا کسی دوسرے پلیٹ فارم جیسا کہ ٹیبلٹ کمپیوٹر یا اسمارٹ فون پر ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب امیزون ڈاٹ کام کی جانب سے اپنا کنڈلے ریڈر جاپان میں متعارف کروانے کی توقع کی جا رہی ہے جہاں مطالعہ عوام میں بہت زیادہ مقبول ہے اور یہ ممکناً ایک منافع بخش منڈی ہے۔
تاہم برقی کتابیں ابھی تک جاپان میں ویسی مقبولیت نہیں پا سکیں جیسی انہیں دوسرے ممالک میں ملی ہے، اگرچہ یہاں کتب چھاپنے کی صنعت کا تخمینہ 23.5 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔