ٹوکیو: اہلکاروں نے بدھ کو کہا کہ دو حالیہ حادثات کے بعد حفاظتی خدشات کی وجہ سے مکینوں کی شدید مزاحمت کے باوجود امریکہ جاپان میں اپنے اوسپرے فوجی مال بردار طیاروں کی پہلی تعیناتی کے منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے۔
پہلے 12 اوسپرے طیارے ایک بحری جہاز پر سان ڈیاگو سے روانہ ہو گئے جو اتوار کو جاپان پہنچے گا۔
ائیر فورس سی 22 اوسپرے پچھلے ماہ کریش ہو گیا تھا جس سے اس کا پانچ افراد کا عملہ زخمی ہو گیا، جو فلوریڈا کے ایگلن ائیر فورس بیس کے تربیتی مشن پر تھا۔ اپریل میں مراکش میں ہونے والے حادثے سے دو میرینز ہلاک ہو گئے تھے۔
مقامی لوگوں کے خدشات کی وجہ سے جاپان میں ان طیاروں کی پروازیں اس وقت تک سر انجام نہیں دی جائیں گی جب تک ان حادثات کی تحقیقاتی رپورٹس کے نتائج ٹوکیو حکومت کے محکمہ دفاع کو پیش نہیں کر دئیے جاتے، جو کہ اگست میں ہونے کا امکان ہے۔ “اوکی ناوا میں اوسپرے طیاروں کی تعیناتی سے جاپان کے دفاع، انسانی امداد کے آپریشنز اور آفات میں امدادی آپریشنز کے ساتھ ساتھ دوسرے اتحادی کردار ادا کرنے کی امریکی صلاحیت کو تقویت ملے گی۔”
70 ملین ڈالر مالیت کا اوسپرے طیارہ امریکہ کا تازہ ترین فوجی مال بردار طیارہ ہے۔ ائیر فورس اور میرینز مجموعی طور پر 110 اوسپرے طیارے چلاتے ہیں۔
اوسپرے کا ایک ابتدائی ورژن 1991 میں کریش ہوا اور ایک اور طیارہ اگلے سال گر کر سات لوگوں کی جان لے گیا تھا۔ 2000 میں 19 میرینز اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک اوسپرے ایریزونا میں ایک تربیتی مشق کے دوران کریش ہو گیا، اور شمالی کیرولائنا میں پچھلے سال دسمبر میں ایک کریش کے دوران دو میرینز ہلاک ہو گئے تھے۔