ٹوکیو: جمعرات کی ایک رپورٹ کے مطابق، جاپان میں اس ویک اینڈ پر افغانستان بارے ہونے والی کانفرنس کے موقع پر اکٹھے ہونے والے ڈونر ممالک سے توقع ہے کہ وہ 2015 کے بعد ترقیاتی امداد کی مد میں 15 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کریں گے۔
ٹوکیو کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے علاوہ 70 ممالک کے سینئر اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عالمی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔
جاپان کی کیودو نیوز ایجنسی نے نامعلوم سفارتکاروں کے حوالے سے کہا کہ نام نہاد عشرہ تبدیلی 2015 تا 2024 کے دوران شرکاء افغانستان کو مستحکم ترقی کا موقع فراہم کرنے کا وعدہ کریں گے۔
کیودو کے مطابق، ترقیاتی امداد کے بدلے افغانستان بدعنوانی کے خاتمے، اپنے قانونی نظام میں بہتری، مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانے اور دوسری مختلف اصلاحات کرنے کا وعدہ کرے گا۔
دو طرفہ وعدوں کو ایک دستاویز میں خاکہ بند کیا جائے گا، جس کا عنوان “باہمی ذمہ داری کا فریم ورک” ہو گا، جو کانفرنس کے بعد “اعلان ٹوکیو” کے موقع پر جاری کی جائے گی۔