ٹوکیو: تائیوان کے ایکٹوسٹوں اور جاپان کے مقامی سیاستدان نے ایک جزیرے کا بغیر اجازت دورہ کیا ہے جس سے جزیروں کے گرما گرم تنازعے کو مزید ہوا ملی ہے۔
جاپان کے کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہوں نے بدھ کو تائیوانی ایکٹوسٹوں سے بھری ایک کشتی کو ایک جزیرے کے قریب دیکھا اور اسے خبردار کیا۔ اس سے اگلے دن کوسٹ گارڈ نے دو جاپانی اشخاص کو ایک اور جزیرے کے ساحل پر تیراکی کرتے ہوئے دیکھا۔ ان میں سے ایک اشیگاکی میں اسمبلی کا رکن ہے، جو اوکی ناوا صوبے کے قریب ایک جاپانی شہر ہے۔
کوسٹ گارڈ نے کہا کہ مذکورہ دونوں اشخاص جمعہ کو اشیگاکی واپس آنے سے قبل اس جزیرے پر کچھ دیر ٹھہرے۔
یہ غیر آباد ، جاپانی جزائر، جو جاپان میں سین کاکوس کہلاتے ہیں اور چین میں دیاوؤ ، ان جزائیر پر تائیوان اور چین اپنا حق ملکیت جتاتے ہیں۔ زرخیز مچھلی بھرے پانیوں سے گھرے ہوئے یہ جزائر اکثر سفارتی تعلقات میں تناؤ کا باعث بن جاتے ہیں۔