واشنگٹن: ایک سروے کا کہنا ہے کہ ٹیبلٹ کمپیوٹر متوقع طور پر 2016 تک نوٹ بک کمپیوٹروں کو پیچھے چھوڑ دیں گے چونکہ صارفین نئے آلات جیسے ایپل آئی پیڈ کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
تحقیقی فرم این پی ڈی کے اس سروے میں کہا گیا کہ ٹیبلٹس موبائل کمپیوٹر مارکیٹ میں آئندہ چند برسوں تک “بڑھوتری کا ذریعہ” ہوں گے۔
مجموعی طور پر کمپیوٹروں بشمول ٹیبلیٹس کی شپمنٹ میں 2012 کے 347 ملین کے مقابلے میں 2017 میں 809 ملین یونٹس تک اضافہ ہو جائے گا۔
نوٹ بک کمپیوٹروں کی شپمنٹ 2012 کے 208 ملین کے مقابلے میں 2017 میں بڑھ کر 393 ملین ہو جائیں گی، تاہم ٹیبلٹس کی شپمنٹ میں اسی عرصے کے دوران 121 ملین سے 416 ملین یونٹس تک بڑھوتری کی توقع ہے۔
ٹیبلٹ کی بڑھوتری کا ایک اہم ذریعہ اس کا امریکہ، جاپان اور مغربی یورپ میں بڑے پیمانے پر اپنایا جانا ہے، جو 2012 میں 66 فیصد شپمنٹس پر مشتمل تھا اور اگلے چند سال میں 60 فیصد کی درجہ بندی میں رہے گا۔
این پی ڈی کے ایک تجزیہ نگار رچرڈ شِم نے کہا، “خاص طور پر پختہ کار منڈیوں میں موبائل آلات کے لیے صارفین کی ترجیح نوٹ بک کمپیوٹروں سے ٹیبلٹس کی جانب منتقل ہو رہی ہے”۔
“اگرچہ ٹیپلٹ اور نوٹ بک کمپیوٹروں کے مابین امتیاز کم سے کم ہوتا جا رہا ہے، تاہم ہمیں توقع ہے کہ پختہ کار منڈیوں میں ٹیبلٹ پی سی اپنانے کی شرح زیادہ رہے گی”۔