ٹوکیو: آئی ایم ایف کی مینجگ ڈائریکٹر کرسٹائن لیگارڈ نے جاپان کی جانب سے اپنا بڑھتا ہوا قومی قرضہ کم کرنے کے لیے سیلز ٹیکس بڑھانے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ٹوکیو میں کیا جہاں وہ وزیر اعظم یوشیکو نودا، دوسرے وزراء اور کاروباری لیڈران سے مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنزمپشن ٹیکس نے دوسرے ممالک میں بھی قرضہ کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ جاپان 2015 تک سیلز ٹیکس دو گنا کر کے 10 فیصد کرنے کی قانون سازی پاس کرنے کے قریب ہے۔
ترقی یافتہ دنیا میں جاپان پر دنیا کا سب سے زیادہ قرضہ موجود ہے اور ٹیکس بڑھانے کی تجویز یہاں انتہائی غیر مقبول ہے جس نے حکمران جماعت میں دراڑ ڈال دی ہے۔
لیگارڈ نے آئی ایم ایف کے موقف کو دوہرایا کہ ین “تھوڑا سا زیادہ قدر والا” ہو گیا ہے۔ مہنگا ین برآمدات کو نقصان پہنچاتا ہے، اور کاروبار شکایت کر رہے ہیں کہ یہ بہت مہنگا ہے۔