ٹوکیو: صوبہ فوکوشیما کے قصبے ایواکی کے حکام نے پچھلے سال کی ایٹمی آفت کے بعد پیر کو پہلی بار ایک ساحل عوام کے لیے کھول دیا۔ پیر جاپان میں بحری دن ہوتا ہے، جس دن قومی تعطیل ہوتی ہے۔
ٹی وی پر قصباتی اہلکار دکھائے گئے جو ناکوسو کے مقام پر ساحل کو کھول رہے تھے۔ رقاص لڑکیاں اور ساحلی والی بال کے کھلاڑی جشن شروع کرنے کے لیے پاس ہی موجود تھے۔
یہ ساحل تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر سے 70 کلومیٹر دور جنوب میں واقع ہے۔ یہ صوبے کا اکلوتا ساحل ہے جسے صوبائی حکام نے تیرنے اور نہانے کے لیے محفوظ قرار دیا ہے۔
اہلکاروں نے کہا کہ وہ سمندری پانی اور ریت کو دن میں دو بار تابکار سیزیم کی مقدار کے لیے جانچیں گے۔ اس وقت سمندری پانی میں تابکاری کا درجہ 1 بیکرل فی لیٹر جبکہ ریت میں 0.07 مائیکرو سیورٹ فی گھنٹہ ہے۔