ٹوکیو: وزیر اعظم یوشیکو نودا نے پیر کو کہاکہ جاپان کو اگست میں 24امریکی ایم وی 22 اوسپرے طیاروں کی فوتینما ائیر بیس پر تعیناتی کو قبول کرنا پڑے گا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے نودا نے کہا کہ پلان شدہ تعیناتی امریکی حکومت کی دفاعی پالیسی کا حصہ ہے جس میں جاپانی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔
امریکی فوج عمر رسیدہ ہوتے سی ایچ 46 طیاروں کو اوسپرے طیاروں سے بدلنے کا ارادہ رکھتی ہے، جنہیں ایواکونی، صوبہ یاماگوچی میں جوڑنے اور جانچنے کے بعد تعینات کیا جائے گا۔
70 ملین ڈالر مالیت کا اوسپرے طیارہ امریکی فوج کا تازہ ترین مال بردار طیارہ ہے۔ اس میں طیارے جیسے پروں کے علاوہ روٹرز بھی لگے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے یہ ہیلی کاپٹر کی طرح اتر اور پرواز کر سکتا ہے۔ اس کے انجن دوران پرواز آگے کی طرف لڑھک جاتے ہیں جس سے معیاری ہیلی کاپٹر کی نسبت زیادہ تیزی سے اڑ سکتا ہے۔
تاہم، اس پلان شدہ تعیناتی نے اس سال دو حادثات کے بعد ایواکونی اور اوکی ناوا ہر دو جگہ اس طیارے کی سیفٹی پر شدید مزاحمت کو جنم دیا ہے۔
نودا نے کہا کہ جاپان طیارے کی سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ وزیر دفاع ساتوشی موریموتو اس مہینے کے دوران امریکہ کا دورہ کریں گے تاکہ اپنے ہم منصب کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کر سکیں۔