ٹوکیو: ایک جاپانی این ٹو بی راکٹ نے ہفتے کو پرواز کی جس کا مقصد رسد کے غیر انسان بردار جہاز کو عالمی خلائی اسٹیشن پر پہنچانا تھا۔
جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جاکسا) کی جانب سے جاری کردہ براہ راست تصاویر کے مطابق، راکٹ جنوبی جزیرے تانیگشیما سے مقررہ وقت کے مطابق 11:06 بجے صبح روانہ ہوا۔
قریباً 15 منٹ کے بعد راکٹ نے کامیابی سے ایک مال بردار جہاز چھوڑا جس کا نام ‘کونوتوری’ (سارس کی نسل کا پرندہ) ہے، جس میں سامان رسد جیسا کہ کھانا، کپڑے اور خلائی تجربات کے لیے درکار ساز و سامان وغیرہ تھا۔
یہ سامان 27 جولائی کو عالمی خلائی اسٹیشن پہنچ جانا چاہیئے جہاں جاپانی خلا نورد اکی ہیکو ہوشید ٹھہرے ہوئے ہیں۔
جاپان کی صف اول کی خلائی فرم متسوبشی ہیوی انڈسٹریز، جس نے راکٹ تیار کرنے میں مدد فراہم کی، متوقع طور پر مستقبل میں ایچ ٹو بی راکٹ کے آپریشن کا کنٹرول حاصل کر لے گی اور 2016 تک مزید رسد کے جہاز عالمی خلائی اسٹیشن پر پہنچائے گی۔
لانچ کے بعد جاکسا کے صدر کیجی تاچیکاوا نے کہا کہ اس راکٹ کو ممکنہ طور پر زیادہ منافع بخش کام یعنی مصنوعی سیارے چھوڑنے کے لیے استعمال کرنے پر بھی تحقیق ہونی چاہیئے۔
انہوں نے رپورٹروں کا بتایا، “ایچ ٹو بی کے استعمال کا دائرہ کار وسیع کر کے مجھے امید ہے کہ یہ کلائنٹس کی مختلف ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو گا”۔