ٹوکوی: حکومت نے جمعے کو پچھلے سال فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کے نواحی علاقے سے بےگھر ہونے والے دسیوں ہزار بےگھر افراد کے لیے زر تلافی کی نئی رہنما ہدایات مقرر کیں، جہاں کچھ لوگ اب اپنے گھروں کی مکمل قیمت وصول کرنے کے قابل ہوں گے۔
وزارت تجارت و صنعت نے کہا کہ اگر گھر تابکاری کی وجہ سے کم از کم چھ سال کے لیے ناقابل استعمال رہتا ہے تو متاثرین اپنے گھر کی قبل از آفت قدر کے برابر رقم کا دعوی کر سکیں گے، جبکہ تین سال میں لوٹ آنے والوں کو اس قدر سے آدھی رقم ادا کی جائے گی۔
زر تلافی کے نئے قوانین، جن میں سے اکثر کی ادائیگی پلانٹ آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کرے گا، کے ذریعے فرنیچر، گھریلو آلات، اور دوسری ذاتی اشیاء کے ذیل میں بھی 6.75 ملین ین تک کا دعوی کیا جا سکے گا۔
جمعہ کو جاری ہونیوالی زر تلافی کی تفصیلات یہ زلزلہ و سونامی آنے کے ایک برس سے بھی زائد عرصے کے بعد منظر عام پر آئی ہیں۔ اس آفت کی وجہ سے پلانٹ پر پگھلاؤ پیدا ہو گیا تھا، جس سے بڑے علاقے پر تابکاری پھیل گئی اور ہزاروں افراد کو گھر بار چھوڑنا پڑا۔