واشنگٹن: صدر باراک اوباما کے قومی سلامتی کے مشیر تھامس ڈونیلون اس ہفتے بیجنگ میں سینئر چینی اہلکاروں کے ساتھ مشرق وسطی اور ایشیا میں سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈونیلون اتوار کو چینی دارلحکومت کا سفر کریں گے جہاں وہ ریاستی کونسلر ڈائی بینگوؤ سے بھی ملیں گے۔ وہ امریکہ چین تعلقات، جوہری عدم پھیلاؤ اور عالمی اقتصادی نمو پر بھی بات چیت کریں گے۔
ڈونیلون کا دورہ ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب شام مزید تشدد کا شکار ہو رہا ہے، جہاں باغی صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے لیےلڑائی میں تیزی پیدا کر رہے ہیں۔
چین نے جمعرات کو روس کے ساتھ مل کر امریکہ اور اہم یورپی طاقتوں کی پشت پناہی سے پیش کردہ ایک قراردار کو ویٹو کر دیا تھا جس سے اسد کی حکومت پر مزید پابندیاں عائد ہو جاتیں۔
بیجنگ کے بعد ڈونیلون جاپان کا دورہ کریں گے جہاں وہ دفاعی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔