ٹوکیو: جاپان کا عموماً پرسکون رہنے والا سماج غصے میں آ رہا ہے اور ایٹمی توانائی کے خلاف دن بدن بڑھتی ہوئی تحریکوں کی بدولت منظم ہو رہا ہے، جو کئی عشروں میں نہیں دیکھی گئی تھیں۔
وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر ہونے والے ہفتہ وار مظاہرے دسیوں ہزار لوگوں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں اور ٹوکیو کے یویوگی پارک میں پچھلے پیر کو ہونے والی ریلی میں، منتظمین کے مطابق، ایک لاکھ ستر ہزار افراد شامل ہوئے جنہوں نے فوکوشیما کے بعد والے جاپان میں ایٹمی توانائی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
“آفت سے قبل میں نے کبھی ریلیوں میں حصہ لینے کا سوچا بھی نہیں تھا، 22 سالہ یوسوکی ہاسونوما نے فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر پر مارچ 2011 میں سونامی سے پیدا ہونے والے پگھلاؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ “اپنی طرح کے خیالات رکھنے والے لوگوں کے ساتھ مل کر اقدام اٹھانا بہت ہی اچھا ہے،” ہاسونوما نے کہا جو ٹوکیو کے سیاسی ضلعے میں ہر جمعہ کے شام ہونے والے مظاہرے کا لازمی حصہ بن گئے ہیں۔ “تاہم لوگ اب محسوس کرتے ہیں کہ اب منہ بند رکھنے کا مطلب ایٹمی توانائی کے لیے ہاں کرنا ہے”۔
مظاہرین کے مطالبات سادہ سے ہیں: جاپان کو ایٹمی توانائی کو خیرباد کہہ دینا چاہیے، ایسی ٹیکنالوجی، جس کے بارے انڈسٹری، حکومت اور نگران اداروں نے قسم کھائی تھی کہ یہ محفوظ ہے حتی کہ 9.0 شدت کے ایک زلزلے نے فوکوشیما پلانٹ میں پہاڑ قامت سونامی دے مارا۔
مظاہروں کی “باقاعدگی اور بہت بڑا حجم”، حتی کہ پولیس کے اندازے کے مطابق بھی پچھلے پیر کا مظاہرہ پچھتر ہزار افراد پر مشتمل تھا، ملک میں حکومت کو ایک لمحے کے لیے رک کر سوچنے پر مجبور کر رہا ہے، جہاں سیاسی اشرافیہ نے کئی عشروں تک عوامی موقف کو نظر انداز کیا ہے۔ تاہم جاپان میں ہونے والی شہری تحریکیں ابھی تبدیلی کے مرحلے میں ہیں۔