ٹوکیو: پولیس نے کودائیرا، ٹوکیو میں جونئیر ہائی اسکول کے ایک استاد کو حراست میں لیا ہے جس پر جونئیر ہائی اسکول کی ایک 14 سالہ طالبہ پر گلی میں مبینہ طور پر حملہ کرنے اور دھمکانے کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق، 28 سالہ مشتبہ کوتا آسانوما نے مبینہ طور پر 25 جولائی کو صبح ساڑھے آٹھ بجے لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کی۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اس کے پیچھے سے آیا، ہاتھ سے اس کا منہ بند کیا اور اسے ایک چاقو سے دھمکایا۔ اُس نے اسے کہا، “اگر تم چاقو کھانے سے بچنا چاہتی ہو تو میرے ساتھ آؤ”۔
پولیس نے کہا کہ لڑکی نے اپنے آپ کو چھڑوایا اور بھاگ کر قریبی مکان میں جا گھسی جہاں سے اس نے اپنے والدین کو کال کر دی۔ جب اس کے والدین پہنچے، تو مشتبہ تب بھی علاقے میں موجود تھا اور لڑکی اور اس کے والدین نے اس کے پیچھے کوئی 100 میٹر بھاگنے کے بعد اسے جا پکڑا۔
پولیس کے مطابق، آسانوما کے پاس کوئی چاقو نہیں تھا اور اس نے لڑکی کو دھمکانے سے انکار کیا ہے۔ پولیس نے کہا، وہ لڑکی کے اسکول کی بجائے ایک اور اسکول میں پڑھاتا ہے۔