ٹوکیو: ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی ایک ویڈیو کانفرنس کی فوٹیج جاری کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو 11 مارچ، 2011 کے زلزلے و سونامی کے بعد ٹوکیو میں اس کے ہیڈ آفس اور فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے مابین منعقد ہوئی تھی۔
ٹیپکو 6 سے 10 اگست کے دوران 150 گھنٹوں پر محیط یہ ٹیلی کانفرنس ویڈیو فوٹیج اپنے ہیڈ آفس میں صحافیوں اور میڈیا اداروں کو دکھائے گا۔ یوٹیلیٹی نے ابھی تک صحافیوں کی جانب سے ان اپیلوں پر کان نہیں دھرا کہ اس فوٹیج کو ڈی وی ڈی پر دستیاب کیا جائے تاکہ اسے کسی بھی وقت دیکھا جا سکے۔
اگرچہ ذاتی رازداری کی وجہ سے فوٹیج میں سے ملازمین کے نام اور دوسری معلومات کی تدوین کر دی گئی ہے، تاہم کچھ میڈیا والے فوٹیج سے ان افواہوں کی تصدیق یا تردید کے اندازے لگا رہے ہیں کہ ٹیپکو نے پلانٹ سے مکمل انخلا کا کہا تھا۔
ٹیپکو کے ترجمان کے مطابق، فوٹیج میں سابق وزیر اعظم ناؤتو کان، جنہوں نے عملے کو غیر مناسب حفاظتی انتظامات پر لعن طعن کے لیے ٹیپکو کے ہیڈ آفس سے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی تھی، کے شاٹس کے ساتھ ساتھ عملے کے شاٹ شامل ہیں جو سمندری پانی کے ذریعے گرم ایندھنی سلاخوں کو ٹھنڈا کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔