لندن: عالمی چیمپئن ماساشی ایبنوما اور جنوبی کوریا کے چُو جون ہو کے مابین اولمپک جوڈو کوارٹر فائنل اتوار کو ہنسی ٹھٹھول میں بدل گیا جب چُو کو فاتح قرار دینے کے چند ہی لمحوں کے بعد ان کے جاپانی حریف کی فتح کا اعلان کر دیا گیا۔
لڑائی پانچ منٹ کے مقابلے اور سنہری اسکور کے تین منٹ کے بعد بھی برابر رہی تھی، جس کا مطلب تھا کہ فیصلہ ججوں پر منحصر ہو گا۔
چٹائی پر موجود تینوں ججوں نے نیلی وردی میں ملبوس چُو کو فاتح قرار دیا، تاہم اس کے بعد عالمی جوڈو فیڈریشن کا ریفری کمیشن درمیان میں کود پڑا۔
اس معاملے پر شدید بحث و مباحثے کے بعد، ریفریز ڈائریکٹر جوآن کارلوس بارچوس، جنہیں فیڈریشن کے صدر ماریوس ویزر سے مشورہ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، نے دوبارہ ججوں کو بلایا اور ان سے اپنا فیصلہ بدلنے کو کہا۔