ٹوکوی: سابق امریکی صدر ہیری ٹرومین، جنہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپان پر ایٹم بم گرانے کی منظوری دی تھی، کے پوتے نے ہفتے کو ایٹمی تباہی کی 67 ویں برسی میں شرکت کے بعد ہیروشیما کا دورہ کیا۔
55 سالہ کلفٹن ٹرومین ڈینئیل نے ہیروشیما پیس میموریل پارک کا دورہ کیا اور 1945 کے جنگی ایٹمی دھماکے کا شکار ہونے والوں کے لیے دعا کی۔
وہ چھ اگست کو ہیروشیما اور تین دن بعد ناگاساکی میں ایٹمی دھماکوں کی برسیوں میں شرکت کرنے والے ٹرومین خاندان کے پہلے فرد تھے۔
ہیروشیما پیس میموریل میوزیم کا دورہ کرنے کے بعد سابقہ امریکی صدر کے سب سے بڑے پوتے نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ “امن کے پیغام” سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے “جس کے لیے پورا شہر وقف ہے”۔
جمعے کو ٹرومین نے ٹوکیو میں ایٹمی دھماکے میں بچ جانے والوں سے ملاقات کی، اور اسے “پرانے زخم مندمل کرنے کی جانب پہلا اچھا قدم” قرار دیا۔
ٹرومین، جو سابقہ صحافی ہیں اور ایٹمی توانائی مخالف گروپ کی دعوت پر یہاں آئے ہیں، جامعہ ٹوکیو کے فورم پر چند ایک بچنے والوں سے بھی ملے۔
“یہ ملاقات بہت اچھی رہی،” ٹرومین نے دو گھنٹے طویل بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا، جس میں انہوں نے زیادہ تر بچنے والوں کی باتیں سنیں، جو اب عمر کی 70 اور 80 بہاریں دیکھ چکے ہیں۔