ٹوکیو: پیر کو جاری کی گئی ویڈیو فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے سال زلزلے و سونامی سے ایٹمی ری ایکٹر پھٹنے کے بعد فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کا سربراہ چلا رہا تھا، “ہمارے پاس بہت بڑا مسئلہ ہے، بہت بڑا مسئلہ!”۔
یہ فوٹیج ایٹمی بحران کے ابتدائی دنوں میں ہونے والی 150 گھنٹے طویل ویڈیو کانفرنسوں کی ریکارڈنگ پر مشتمل ہے، جسے پلانٹ آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے بادل نخواستہ جاری کیا ہے۔
تصاویر سے پُر تناؤ تبادلہ خیال ظاہر ہوتا ہے جبکہ کمپنی کے اہلکار 11 مارچ، 2011 کے مہلک سونامی کے بعد بحران کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سونامی نے فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر پر ہنگامی کولنگ نظاموں کو تباہ کر دیا تھا، جس سے پگھلاؤ اور دھماکے پیدا ہوئے۔
پلانٹ کے چیف ماساؤ یوشیدا کو جلدی جلدی بولتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جس میں وہ 200 کلومیٹر دور ٹیپکو کے ٹوکیو ہیڈکوارٹر میں اپنے افسروں کو دھماکوں کی اطلاع دے رہا ہے۔
ٹیپکو نے حادثہ ہونے کے ایک برس سے بھی زیادہ وقت گزر جانے کے بعد وزیر صنعت یوکیو ایدانو کے دباؤ تلے مجبور ہو کر 150 گھنٹے طویل اس ویڈیو کو بادل نخواستہ جاری کیا ہے جو 11 مارچ سے 15 مارچ 2011 کے واقعات کو کور کرتی ہے۔
جاری کی گئی ویڈیو میں سے صرف 50 گھنٹے کی ریکارڈنگ میں آواز ہے جبکہ باقی آواز سے عاری ہے۔