ٹوکیو/ سئیول: جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک نے جمعہ کو جاپان کے ساتھ عرصہ دراز سے جاری علاقائی تنازع کی مرکزی وجہ، جزیرے کا اچانک دورہ کیا، جس پر احتجاجاً جاپان نے اپنا سفیر سئیول سے واپس بلا لیا۔
لی بحر جاپان میں واقع آتش فشانی چٹانی جزیرے، جو جنوبی کوریا اور اس کے سابقہ نوآبادیاتی حاکم جاپان کے قریباً درمیان میں واقع ہے، کا دورہ کرنے والے تاریخ کے اولین جنوبی کوریائی صدر تھے۔
ٹوکیو کی تنبیہات کو نظر انداز کرتے ہوئے، کہ دورہ پہلے ہی چبھن دار تعلقات کو مزید تناؤ کا شکار کر دے گا، لی نے مرکزی جزیرے کا دورہ کیا اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ ہاتھ ملائے جبکہ جنوبی کوریائی پرچم ہوا میں پھڑپھڑا رہا تھا۔
جنوبی کوریا نے 1954 سے کوسٹ گارڈ کا ایک چھوٹا سا دستہ ان جزائر پر تعینات کر رکھا ہے جنہیں کوریا میں ڈوکدو اور جاپان میں تاکےشیما کہا جاتا ہے۔
یہ دورہ اولمپکس میں کانسی کے تمغے کے لیے جاپان اور جنوبی کوریا کی مردانہ فٹ بال ٹیموں کے مابین ہونے والے میچ سے ذرا دیر، اور 15 اگست کو جاپان کی دوسری جنگ عظیم میں ہتھیار ڈالنے کی برسی سے چند ہی دن قبل کیا گیا ہے، جس کے بعد کوریا پر جاپان کا 35 سالہ اقتدار ختم ہو گیا تھا۔
جون میں جنوبی کوریا نے شہریوں کے احتجاج کے بعد جاپان کے ساتھ معلومات کے تبادلے کا ایک معاہدے موخر کر دیا تھا۔
جنوبی کوریا نے اگست میں ان جزائر کے نزدیک سال میں دو بار فوجی مشقیں کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔