ٹوکیو: پچھلے کچھ برسوں سے جاپان میں “سوشوکُو دانشی” کا غُل مچا ہوا ہے، جس کا لفظی ترجمہ “سبزی خور لڑکے” ہیں۔ یہ ایسے نوجوان لوگ ہیں جو 1980 کے عشرے کی بلبلہ نما معیشت سے تعلق رکھنے والے جھگڑالو، لڑکیوں کا پیچھا کرنے والے، شاہ خرچ کاروباری آدمیوں کی ضد ہیں: وہ جامد، پیسے کے معاملے میں بخیل، رفقائے کار کے ساتھ شراب پینے جانے کی بجائے گھر رہنا پسند کرتے ہیں اور عام طور پر جنسی تعلقات میں عدم دلچسپی رکھتے ہیں۔
حالات کو مزید بدتر بناتے ہوئے، جاپانی ایسوسی ایشن فار سیکس ایجوکیشن (جے اے ایس ای) کے سروے نے انکشاف کیا ہے کہ جنسی تعلقات استوار کرنے والی نوجوان جاپانی خواتین کی تعداد پچھلے چھ سالوں میں ڈرامائی طور پر کم ہوئی ہے۔ تازہ ترین سروے اکتوبر 2011 سے فروری 2012 کے مابین کروایا گیا اور اس میں پورے ملک کے جونئیر ہائی اسکول، ہائی اسکول اور جامعات کے قریباً 7770 طلباء نے حصہ لیا۔
جنسی طور پر فعال جامعاتی طالبات اور ہائی اسکول طالبات کا رجحان 1974 میں سروے کے آغاز سے اوپر کی جانب رہا ہے، جو 2005 میں جامعات کے لیے 60 فیصد اور ہائی اسکول کی طالبات کے لیے 30 فیصد تک پہنچ گیا تھا اور اس کے بعد 2011 میں جامعات کی طالبات کے لیے 47 فیصد اور ہائی اسکول کے لیے 24 فیصد تک آ گرا۔ شاید جاپان میں نوجوان لوگ اپنے والدین کے مقابلے میں زیادہ پارسا بن رہے ہیں۔