ٹوکیو: دو جاپانی کابینہ کے وزراء نے بدھ کو جنگ عظیم دوم کے ہتھیار ڈالنے کی برسی کے موقع پر متنازع جنگی مزار کا دورہ کیا، جو کہ جزیرہ جاتی تنازع پر جنوبی کوریا کے اشتعال کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
جِن ماتسوبارا، جو شمالی کوریا کے ہاتھوں اغوا ہونے والے جاپانیوں کے معاملات کو طے کرتے ہیں، اور وزیر ارضیات یوئی چیرو ہاتا نے یاسوکونی مزار پر الگ الگ حاضری دی، جو جنگ میں مرنیوالے اڑھائی ملین افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے، جس میں دوسری جنگ عظیم کے 14 جنگی مجرم بھی شامل ہیں۔
حکومتی وزراء کی جانب سے مزار کے دورے چین اور جزیرہ نما کوریا کو مشتعل کر دیتے ہیں، جہاں بہت سے لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ جاپان 20 ویں صدی کے پہلے نصف میں اپنی وحشیانہ توسیعی مہم جوئی کی تلافی کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اب تک تین وزرائے اعظم اپنے اراکینِ کابینہ کو اس سے پرے رہنے کو کہہ چکے ہیں۔
سابقہ جاپانی وزیر اعظم اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ جونی چیرو کوئیزومی اپنے 2001 تا 2006 کے دور اقتدار میں سال میں ایک بار اس مزار پر دعا کے لیے جاتے رہے، جس سے چین اور جنوبی کوریا مشتعل ہوتے تھے۔