سئیول: الیکٹرونکس دیو نے منگل کو تجارتی جاسوسی کے خدشات کے دوران کہا کہ جنوبی کوریائی اور جرمن پولیس برلن کو جانے والے دو اگلی نسل کے ٹیلی وژن سیٹوں کی گمشدگی کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
سام سنگ الیکٹرونکس نے ایک بیان میں کہا کہ نامیاتی روشنی خارج کرنے والے ڈائیوڈ (او ایل ای ڈی) کے دو سیٹ، جو 31 اگست سے 5 ستمبر تک جاری رہنے والے تجارتی میلے کے لیے بھیجے گئے، برلن میں ڈیلوری کے وقت ‘گم’ ہو گئے۔
بیان کے مطابق، “سام سنگ کی درخواست پر کوریائی اور جرمن حکام اس وقت تحقیقات کر رہے ہیں”۔
بہترین نسل کے یہ ٹیلی وژں ابھی باضابطہ طور پر مارکیٹ میں جاری نہیں کیے گئے۔
ایک باخبر ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا، “چونکہ یہ ٹیلی وژن ایسی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مشتمل ہیں جو ابھی صرف چند فرموں کے پاس ہی ہے، اس لیے ہم اس امکان کو رد نہیں کر سکتے کہ یہ اس کو چوری کرنے کے جرم کا حصہ تھا”۔
دنیا کے نمبر ایک ٹی وی ساز سام سنگ نے او ایل ای ڈی کو اگلی نسل کی ٹیکنالوجی کہہ کر فروغ دیا ہے جو ٹی وی کی بین الاقوامی صنعت کی مستقبل سازی میں مدد دے گی۔