ٹوکیو: وزیر معیشت موتوہیسا فوروکاوا نے منگل کو کہا کہ جاپان اگلے ہفتے اپنی قومی توانائی پالیسی کا اعلان کر رہا ہے، اگرچہ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایٹمی توانائی کے کردار کے مرکزی سوال پر ابھی تک کوئی موقف اختیار نہیں کیا ہے۔
پچھلے سال مارچ میں فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر پر زلزلے و سونامی کی وجہ سے تباہی مچنے اور 25 برس میں دنیا کا بدترین ایٹمی بحران پیدا ہونے کے بعد جاپان میں ایٹمی توانائی مخالف ہنگامہ بڑھا ہے۔
انتخابات سے قبل رائے عامہ سے محتاط حکومت یہ عندیہ دیتی رہی ہے کہ وہ شاید 2030 تک ایٹمی توانائی کو ختم کرنے کا ہدف مقرر کر دے — جو ایک ایسی معیشت کے لیے پالیسی میں بڑی تبدیلی ہے جس نے فوکوشیما بحران سے قبل ایٹمی توانائی میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔
تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ حکومت شاید توانائی کے آمیزے میں ایٹمی توانائی کے طویل مدتی کردار کے سوال سے صرفِ نظر کر جائے۔
بیشتر ماہرین توقع رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم یوشیکو نودا ایسی پالیسی اختیار کریں گے جو 2030 تک بجلی کی پیداوار میں ایٹمی توانائی کا حصہ 15 فیصد کر دے گی۔