ٹوکیو: ایک رپورٹ کے مطابق، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ماؤنٹ فُوجی کے آتش فشانی دہانے میں دباؤ پچھلی مرتبہ کے مقابلے میں زیادہ ہے، جب وہ 300 سال قبل پھٹا تھا۔
محققین کے مطابق، پچھلے سال شدت 9.0 کے زیر سمندر مہیب زلزلے سے ہونے والی براعظمی پلیٹوں میں تبدیلی نے آتش فشانی دہانے کا دباؤ پھٹنے کے لیے درکار کم سے کم دباؤ سے 16 گنا زیادہ کر دیا ہے۔
کیودو نیوز کے مطابق، ارضیاتی سائنس و انسداد آفات سے متعلق قومی تحقیقی ادارے کے محققین نے 11 مارچ، 2011 کے سونامی پیدا کرنے والے زلزلے اور چار دن بعد وسطی جاپان میں آنے والے 6.4 شدت کے زلزلے سے براعظمی پلیٹوں میں ہونے والی حرکات کا مطالعہ کیا۔
رپورٹ میں محققین کے حوالے سے بتایا گیا کہ ماؤنٹ فُوجی، جو تقریباً مکمل طور کون کی شکل کا پہاڑ ہے اور جاپان کے قومی نشانات میں سے ایک ہے، آخری بار 1707 میں پھٹا تھا، جب ایک زلزلہ آیا اور اس نے اس کے آتش فشانی دہانے میں دباؤ میں اضافہ کر دیا۔