ٹوکیو: لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے سیکرٹری جنرل نوبوتیرو اشی ہارا اس ہفتے کہے جانے والے کلمات کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں، جن میں انہوں نے فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کو اوم شرینکیو کلٹ کے مرکز سے تشبیہ دی، جسے انہوں نے 1995 میں مہلک سیرین گیس کے حملوں کے لیے استعمال کیا تھا۔
اشی ہارا کے ابتدائی تبصرے جمعرات کو ٹی بی ایس ٹیلی وژن کے پروگرام میں سامنے آئے جس میں انہوں نے کہا کہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے “سٹین” کو پلانٹ کے گرد واقع داخلہ بند علاقے میں قصبوں کی صفائی کا مالیاتی بوجھ برداشت کرنا چاہیئے۔ “سٹین” وہ نام تھا جو اوم کلٹ کے اراکین نے اس عمارت کو دیا تھا، جسے انہوں نے سیرین گیس اور دوسرے ہتھیار تیار کرنے کے لیے استعمال کیا۔
تاہم، جمعرات کی رات اشی ہارا نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی جس میں انہوں نے اپنے کلمات واپس لے لیے، یہ کہتے ہوئے کہ یہ زبان کی لغزش تھی اور مذکورہ دونوں عمارات کے درمیان تقابل کی شعوری کوشش نہیں تھی۔
ٹیلی وژن مبصرین نے جمعہ کو اشی ہارا، جنہوں نے ایل ڈی پی کی صدارت کے لیے اپنی امیدواریت کا اعلان کر دیا ہے، کو بے حس انداز میں ایسے تقابل پر تنقید کا نشانہ بنایا۔