ٹوکیو: آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ متزلزل عالمی معیشت کو چین اور جاپان کی مکمل مشغولیت درکار ہے، اور خبردار کیا کہ دنیا ان دونوں ممالک کا تلخ علاقائی تنازعے میں الجھاؤ برداشت نہیں کر سکتی۔
اگلے ہفتے ٹوکیو میں آئی ایم ایف کی میٹنگ سے قبل جاپانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرسٹائن لیگارڈ نے کہا کہ دونوں اقتصادی طاقتوں کو پوری دنیا کی بہتری کے لیے کچھ پڑوسیانہ رواداری دکھانا ہو گی۔
کیوتو نیوز ایجنسی نے لیگارڈ کی واشنگٹن میں رپورٹروں سے کہی گئی بات، جو بدھ کو انٹرویو کی شکل میں شائع ہوئی، کے حوالے سے بتایا، “چین اور جاپان دونوں اقتصادیات کے گاڑی بان ہیں جنہیں علاقائی تنازع کی وجہ سے توجہ منتشر نہیں کرنی چاہیئے”۔
انہوں نے کہا، “معیشت کی موجودہ صورتحال اور عالمی معیشت کو جاپان اور چین کی مکمل مشغولیت کی ضرورت ہے”۔
دنیا کی دوسری اور تیسری بڑی اقتصادی طاقتیں چین اور جاپان مشرقی بحر چین میں جزائر کے ایک غیر آباد سلسلے پر آپس میں دست و گریبان ہیں۔
چین کے سرکاری جہاز باقاعدگی سے جزائر کے گرد پانیوں میں مہم جوئی کرتے رہتے ہیں، اور جاپانی کوسٹ گارڈ جہازوں کے چلے جانے کے مطالبات کو باقاعدگی سے نظر انداز کرتے رہتے ہیں۔