ٹوکیو: ٹیوٹا موٹر کارپ نے بدھ کو کہا کہ وہ مختلف ماڈلز بشمول مقبول عام کیمرے اور کرولا کی پاور ونڈو میں ایک نقص کی وجہ سے آگ لگنے کے خدشے کے پیش نظر پوری دنیا سے 7.41 ملین کاریں واپس منگوا رہا ہے۔
یہ واپسی فرم کو لگنے والا تازہ ترین دھچکا ہے جب حالیہ برسوں میں اس نے دسیوں لاکھ گاڑیاں واپس منگوائی ہیں، جنہوں نے اس کی کبھی ستاروں کی حیثیت رکھنے والی سیفٹی ریپوٹیشن کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔
فرم کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکہ سے قریباً 2.47 ملین گاڑیاں واپس منگوائی جائیں گی۔
ترجمان خاتون نے کہا، 2.8 ملین مزید کاریں یورپ اور چین سے واپس منگوائی جائیں گی جبکہ بقیہ پوری دنیا بشمول جاپان، کینیڈا، آسٹریلیا اور مشرق وسطی میں پھیلی ہوئی ہیں۔
تازہ ترین واپسی ٹیوٹا کی جانب سے 2009 کی متنازع واپسی میں دو مزید ماڈل شامل کرنے کے دو ماہ بعد سامنے آئی ہے، جس میں فلور میٹ ایکسلریٹر کے نیچے پھنس جاتے تھے اور مبینہ طور پر درجنوں اموات کی وجہ بنے۔