ٹوکیو: حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) نے پیر کو تجویز پیش کی کہ دائت کا غیر معمولی سیشن اس ماہ کے آخر میں منعقد کیا جائے۔ ڈی پی جے کے سیکرٹری جنرل ازوما کوشیشی نے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اور نیو کومیتو پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپنے ہم منصبوں سے ایک ملاقات میں یہ تجویز پیش کی۔
پیر کی یہ ملاقات وزیر اعظم یوشیکو نودا کی ایل ڈی پی کے سربراہ شینزو ایبے کے ساتھ پچھلے ہفتے ملاقات اور دائت سیشن کے دوران کچھ انتہائی ضروری بلوں کی منظوری کے لیے تعاون کی درخواست کے بعد ہوئی ہے۔
ان میں سے سرِ فہرست خسارے پر قابو پانے کے لیے بانڈز کے اجرا کا بل ہے، جو حکومت کے مطابق زندگی بخش ہے اور موخر نہیں کیا جا سکتا۔
ایل ڈی پی کے سیکرٹری جنرل شی گیرو ایشیبا نے نودا کے لیے اپنی پارٹی کا موقف دوہرایا کہ بل کی حمایت کے لیے شرط یہ ہے کہ سال کے اختتام سے قبل ایوانِ زیریں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا جائے۔ ایشیبا نے کہا کہ اس سال 9 دسمبر انتخابات کے انعقاد کے لیے آخری ممکنہ تاریخ ہے۔
کوشیشی نے اس ہفتے کے آخر میں نودا، ایبے اور نیو کومیتو کے رہنما ناتسوؤ یاماگوچی کے مابین ایک ملاقات کی تجویز بھی پیش کی۔