سئیول: جنوبی کورین قانون سازوں کے ایک گروہ نے منگل کو الگ تھلگ جزائر کے سلسلے کا دورہ کیا، جو جاپان کے ساتھ علاقائی تنازع کی وجہ ہے، جس پر ٹوکیو کی جانب سے فوری احتجاج کیا گیا۔
کمیٹی کے ایک معاون ہان کی ہو نے کہا، پارلیمانی قومی دفاعی کمیٹی کے سترہ اراکین فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڑ کر ایک دن طویل دورے پر ڈوکڈو جزائر گئے (جنہیں جاپان میں تاکےشیما کہا جاتا ہے)۔
ان کی ملکیت پر عرصہ دراز سے جاری تنازع اگست میں دوبارہ ابل پڑا تھا جب جنوبی کوریائی صدر لی میونگ باک نے ان ٹاپوؤں کا اچانک دورہ کیا۔
ٹوکیو نے کہا کہ یہ دورہ، جو کسی جنوبی کوریا صدر کا اولین ایسا دورہ تھا، جانا بوجھا اور اشتعال انگیز تھا۔
اگست 2011 میں تین قدامت پسند جاپانی قانون سازوں نے سئیول کی جانب سے ان ٹاپوؤں کے “قبضے” پر غصے کے اظہار کے لیے اُلیونگ جزیرے کا دورہ کرنے کی کوشش کی تھی، جو ڈوکڈو/ تاکے شیما جزائر کی لڑی کے قریب ترین جنوبی کوریائی علاقہ ہے۔
جنوبی کوریائی امیگریشن افسران نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اپنے ملک داخلے کی اجازت نہیں دی تھی۔