نگرانی کے دوران پولیس افسر کی کار چوری

یوکوہاما: کاناگاوا کی صوبائی پولیس نے کہا کہ یوکوہاما میں ایک پولیس افسر کی کار اس وقت چوری ہو گئی جب وہ نگرانی کے مشن پر تھا۔

پولیس کے مطابق، 28 سالہ افسر پیر کو رات دس بجے تسورومی وارڈ میں کرائے کی ایک کار میں ایک گھر کی نگرانی کر رہا تھا، جب چار آدمیوں کے ایک گینگ نے زبردستی کار ہتھیا لی۔

افسر نے کہا کہ گینگ کے ایک رکن نے ڈرائیور والا دروازہ کھول کر اس کے چہرے پر کہنی رسید کی۔ اس نے کہا کہ اِس کے بعد اُسے دوسرے آدمیوں نے گاڑی سے کھینچ کر باہر نکال دیا جبکہ ان میں سے ایک اس میں بیٹھ کر کار بھگا لے گیا۔ دوسرے تین حملہ آور ایک اور کار میں فرار ہو گئے۔

پولیس کی نوٹ بکس، دو جزدان اور کچھ دستاویزات بھی اس واقعے میں چرائی گئیں، تاہم بعد میں قریبی دریا سے بازیاب کرا لی گئیں۔ افسر کو ہونٹ پر ہلکا سا کٹ لگا ہے۔ چوری شدہ کار چند گھنٹے بعد ایک قریبی کار پارکنگ میں کھڑی مل گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی تک اس امکان کو رد نہیں کیا کہ مذکورہ اشخاص، جو 30 اور 40 کے پیٹے میں تھے، ان لوگوں میں سے تھے جو اس نگرانی کے ذریعے زیر تفتیش تھے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.