آئچی: اہلکاروں نے کہا، پولیس نے جمعے کو علی الصبح ایک بینک سے چار یرغمالیوں کو رہا کرایا اور ایک چاقو بردار شخص کو حراست میں لے لیا جس نے انہیں 12 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا اور وزیر اعظم یوشیکو نودا کے استعفے کا مطالبہ کر رہا تھا۔
ایک ٹی وی نیوز کانفرنس میں پولیس ترجمان نے کہا کہ یرغمال بنانے والا، جس کی شناخت کوجی ناگاکوبو کے طور پر ہوئی ہے، کو مجموعی طور پر پانچ لوگوں کو یرغمال بنانے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا، جن میں ایک شخص وہ بھی تھا جسے اس نے جلد رہا کر دیا۔
پولیس ترجمان نے کہا، طلوع آفتاب سے قبل ہونے والے پولیس ریڈ کے بعد تمام یرغمالی بخیریت تھے اور پولیس کی حفاظتی تحویل میں تھے، اگرچہ مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ ان میں سے ایک 19 سالہ خاتون بینک ملازم تھوڑی سی زخمی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق، ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے چاقو سے لیس اس شخص نے چار ملازمین اور ایک خاتون گاہک کو یرغمال بنا لیا اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم یوشیکو نودا کی کابینہ استعفی دے دے۔ حفاظتی لباس پہنے اور ڈھالیں پکڑے پولیس والوں نے جمعہ کو طلوعِ آفتاب سے قبل دفتر پر دھاوا بول دیا، آدمی کو قابو کر لیا اور بقیہ چار یرغمالیوں کو حفاظتی تحویل میں باہر لے آئے۔