ٹوکیو: اتوار کو وسطی ٹوکیو میں طاقت کے ایک نایاب مظاہرے میں ماحولیاتی تحفظ کے علمبرداروں اور قوم پرستوں نے جاپان کے ڈالفن اور وہیل کے شکار کے معاملے پر دو مخالف ریلیوں کا انعقاد کیا۔
شیبویا کے شاپنگ ڈسٹرکٹ کے ایک پارک میں 50 کے قریب وہیل شکار مخالف ایکٹوسٹ جمع ہو گئے جن کے بینروں پر “بے رحمانہ ڈالفن شکار بند کرو!” جیسے نعرے درج تھے، جبکہ سڑک کے دوسری جانب 30 کے قریب قوم پرست جمع ہو کر “جاپان سے دفع ہو جاؤ!” کے نعرے لگانے لگے۔
قوم پرستوں نے ماحولیاتی تحفظ کے علمبرداروں پر جاپانی ثقافت اور روایات کو تباہ کرنے کا الزام لگایا، اور کہا کہ “ماحولیاتی دہشت گردوں” کو مذبح خانوں میں بھیج دینا چاہیئے۔
ایکشن فار میرین میملز نامی تنظیم، جس نے یہ اہتمام کیا تھا، کے مطابق، یہ ریلی ان مظاہروں کا حصہ تھی جو جاپانی قصبے تائیجی میں ڈالفنوں کو مارنے کے خلاف ویک اینڈ کے دوران پوری دنیا میں منعقد ہونا تھے۔
مغربی جاپان میں واقع تائیجی نے “دی کوو” کے بعد عالمی توجہ اپنی طرف کھینچ لی تھی، وہاں سالانہ ڈالفن شکار پر سخت ضرب لگانے والی فلم، جس نے 2010 میں بہترین ڈاکیومنٹری کا اکیڈمی ایوارڈ جیتا۔ ڈالفن کا شکار مہینوں کے دورانیے تک چلتا ہے۔