اوتسوکی: پیر کو جاپان نے عمر رسیدہ ہوتی ایکسپریس وے سرنگوں کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا، جب آتش زنی اور سرنگ گرنے کے بعد نو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ حادثے کا شک سالخوردہ ہوتی چھت کی سپورٹوں پر ہے۔
حکومت نے تفصیلی معائنے کا وعدہ کیا اور کہا موٹر وے نیٹ ورک میں “قابلِ ذکر سرمایہ کاری” درکار ہو گی، جن کے کچھ حصے بشمول حادثے کی جگہ 1960 اور 1970 کی اقتصادی گرم بازاری میں تعمیر کیے گئے تھے۔
ہائی وے آپریٹر نیکسکو کے ایک اہلکار نے صوبہ یاماناشی میں ساساگو سرنگ پر اتوار کو ہونے والے دلخراش واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا، “ایک بڑی وجہ کے طور پر ہمارا شبہ سالخوردگی پر جاتا ہے”۔
پیر کو انجینیروں نے علاقے میں واقع اسی ڈیزائن والی تین دوسری سرنگوں کے ساتھ ساتھ ساساگو کیرج وے کا معائنہ شروع کیا۔ اطلاعات کے مطابق پورے ملک میں 20 کے قریب ایسی سرنگیں ہیں۔
نیکسکو نے کہا کہ حفاظتی معائنے زیادہ تر بصری سروے پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں کارکن تریڑ یا دوسری غیر معمولی باتوں کی طرف دھیان دیتے ہیں، یا ہتھوڑے سے ٹھونک بجا کر کنکریٹ اور دھاتی حصوں کی آوازوں سے اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔