ٹوکیو: نائی ٹینڈو امید کر رہا ہے کہ نیا وی یو کنسول اسے ویڈیو گیم کے شعبے میں واپس پول پوزیشن پر پہنچا دے گا، تاہم تجزیہ نگار اس معاملے پر منقسم ہیں کہ جاپانی گیمنگ دیو اپنی پھیکی پڑتی عظمت واپس حاصل کر پائے گا یا نہیں۔
پچھلے ماہ نائی ٹینڈو نے منافع بخش امریکی منڈی میں اپنے انتہائی کامیاب وی (Wii) کنسول کا عرصہ سے انتظار کیا جانے والا فالو اپ ورژن جاری کیا، جس نے اولین ہفتے میں چار لاکھ یونٹس کی فروخت کے ساتھ کامیابی کا ریکارڈ قائم کیا، اور شائقین نے اسٹوروں کے شیلف خالی کر دئیے۔
امیزون ڈاٹ کام پر وی یو کنسولز بنیادی ماڈل کی 300 ڈالر اور “ڈیلکس سیٹ” کی 350 ڈالر کی قیمت سی کئی سو ڈالر زیادہ کی قیمتوں پر پیش کیے جا رہے تھے۔
اس نے اپنے اجرا کے بعد سے اب تک اصلی وی کنسولز کے 10 کروڑ کے قریب یونٹس فروخت کر لیے ہیں۔
تاہم مہنگے ین اور نائی ٹینڈو تھری ڈی ایس گیم کنسول کی مایوس کن فروخت نے ان نتائج کو گہنا دیا ہے۔
کمپنی نے تھری ڈی ایس کے ڈھیلے ڈھالے آغاز کے بعد کرسمس کی سیل بڑھانے کے لیے اس کی قیمت کم کر دی تھی، جو تھری ڈی اسکرین والا دنیا کا پہلا گیم کنسول ہے اور جس کے لیے خصوصی عینک کی ضرورت نہیں ہوتی۔