واشنگٹن: ووٹروں کی جانب سے شینزو ایبے کو فتح دلا کر واپس اقتدار میں لانے کے بعد، ایک امریکی اہلکار نے منگل کو امید کا اظہار کیا کہ نئے سال میں جاپان میں ایک فوجی اڈے پر خاصے پرانے تنازع پر کچھ پیش رفت ہو سکے گی۔
امریکہ کا پچھلی حکومت سے جنوبی جزیرے اوکی ناوا پر واقع متنازع فوتینما ائیر بیس کو منتقل کرنے کے منصوبوں پر اختلاف تھا۔ 2006 میں ایبے کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے اقتدار کے دوران ہونے والے ایک معاہدے کے تحت یہ مراکز گنجان شہر سے ہینوکو کے ایک خاموش علاقے میں منتقل کر دئیے جائیں گے۔
ایبے، جو قبل ازیں 2006 تا 2007 وزیر اعظم کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں، عرصہ دراز سے امریکہ کے ساتھ قریبی سیکیورٹی تعلقات اور جاپان کے بڑے دفاعی کردار کی وکالت کرتے آ رہے ہیں، جو دوسری جنگِ عظیم میں شکست کے بعد سرکاری طور پر عدم تشدد کا حامی ہے۔
لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، جس نے جنگ کے بعد کے جاپان میں قریباً کسی تعطل کے بغیر حکومت کی ہے، نے بائیں بازو کے رجحانات رکھنے والی یوکیو ہاتویاما کی جماعت کے ہاتھ 2009 میں اقتدار کھو دیا تھا۔
تاہم صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے بعد میں ہاتویاما کی ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کے دوسرے وزرائے اعظم کے ساتھ گرم جوش تعلقات قائم کیے تھے۔