ٹوکیو: مقامی میڈیا نے جمعرات کو اطلاع دی، آنے والے وزیر اعظم شینزو ایبے سابق وزیر تجارت اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے موجودہ پالیسی چیف 63 سالہ آکیرا آماری کو کابینہ میں نئے “اقتصادی بحالی کے ہیڈکوارٹرز” کے انچارج وزیر کے طور پر تعینات کریں گے، جس کا کام بے حرکت معیشت کی مدد کرنا ہے۔
آماری نے کئیو یونیورسٹی ٹوکیو سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد الیکٹرانکس دیو سونی کے لیے کچھ دیر کام کیا تھا۔ وہ ایبے اور سابق وزیر اعظم تارو آسو –جو کابینہ میں ایک اور کلیدی عہدے یعنی وزیر خزانہ کے طور پر شامل ہوں گے– دونوں کے قریب ہیں، اور وہ اول الذکر کے تحت وزیر تجارت و معیشت اور موخر الذکر کے تحت انتظامی اصلاحات کے وزیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
ایبے نے ستمبر میں پارٹی کی سربراہی کی دوڑ جیتنے کے بعد آماری کو ایل ڈی پی کا پالیسی چیف مقرر کیا تھا۔
مارچ 2011 کے فوکوشیما تابکاری بحران کے بعد بھی ایٹمی توانائی کے حامی کے طور پر دیکھے جانے والے آماری نے بطور وزیر تجارت و صنعت اپنے دور میں قدرتی ذرائع کی سفارتکاری کی پالیسی اختیار کی ہے، مثلاً نایاب ارضی دھاتوں کے ذرائع کی تلاش میں انہوں نے افریقہ کا سفر کیا تاکہ چین پر انحصار کم کیا جا سکے۔