واشنگٹن: ایک امریکی دفاعی اہلکار نے بدھ کو کہا، امریکہ اس خطے میں تزویراتی تبدیلی کے تحت اپنے تازہ ترین جنگی بحری جہاز اور دوسرے ہائی ٹیک ہتھیار جاپان اور ایشیا پیسفک کے دوسرے حصوں میں تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
سینئر اہلکار نے صحافیوں کو بتایا، پینٹاگون آئندہ برسوں میں پی 8 آبدوز شکار کرنے والے طیارے، کروز میزائل، ورجینیا کلاس آبدوزیں، ساحلوں پر لڑائی کے قابل جہاز اور ایف 35 لڑاکا طیارے ایشیائی چوکیوں اور اڈوں پر بھیجے گا ۔
اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، “جو کچھ آپ دیکھ رہے ہیں یہ بڑی کوشش کا صرف ایک جزو ہے، پیسفک جنگی میدان تازہ ترین ہتھیاروں کے نظام سب سے پہلے حاصل کرے گا”۔
ویتنام، فلپائن اور جنوب مشرقی ایشیا کے دوسرے ممالک چین کے ساتھ شدید ہوتے علاقائی تنازعات میں الجھے ہوئے ہیں اور بیجنگ کے اثر کا تدارک کرنے کے لیے واشنگٹن سے فوجی تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں رہے ہیں۔
سینئر امریکی دفاعی اہلکار نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے دارالحکومتوں میں حال ہی میں ہونے والی بات چیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتیں بڑے غور سے دیکھ رہی ہیں کہ چین کی نئی سیاسی اور فوجی قیادت تنازعات کے دلائل سے کیسے نپٹتی ہے۔